اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہی کامیابی ہے‘ بی بی حاجرہ حقانی

11 اپریل 2018

کراچی (نیوز رپورٹر) پیر میر عزیز اللہ حقانی رحمتہ اللہ علیہ کے 17 واں سالانہ عرس کی تقریب سے سجادہ نشین بی بی حاجرہ حقانی نے مزار بلداد شریف ریڑھی گوٹھ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اولیاء اللہ کا مقام بہت اونچا ہوتا ہے ۔ یہ اللہ کے بہترین دوست ہوتے ہیں اور یہ اعزاز صرف اس بنیاد پر ملتا ہے جب بندہ خدا احکام خداوندی پر دل و جان سے عمل کرتا ہے ۔ قرآن کے آفاقی و انقلابی پیغام کو خود پڑھتا ہو اور سمجھتا ہو اور اس پر عمل کرتا ہے اور یہی اقدام وہ مخلوق خدا کے ساتھ قرآن پڑھانے سمجھانے اور اس پر عمل درآمد کرانے میں اپنی زندگی گزارتا ہو توہ وہ اللہ کے نزدیک پسندیدہ بندہ بن جاتا ہے جب مومن اسلام کے فرائض سنتوں کے محبت ‘ خوف خدا اور عشق رسول کے جذبے سے سرشار ہو کر ادا کرتا ہے اور مخلوق خدا کی خدمت ہر حوالے سے کرتا ہو تو اللہ تبارک و تعالیٰ اس کو اپنا دوست بنا کر ولی کے مرتبے پر فائز فرما دیتے ہیں۔ خلیفہ مجتبیٰ حسنین حقانی نے کہاکہ پیر میر عزیز اللہ حقانی رحمتہ اللہ علیہ عامل با عمل صوفی باکمال تھے آپ کی تمام زندگی احکام خداوندی اور عشق رسولﷺ میں گزری آپ سچے عاشق رسولﷺ تھے آپ نے غار نور میں سالوں سال اللہ کی عبادت میں گزار دی آپ پاکستان میں نظام مصطفی کے نفاذ کے داعی تھے۔ تقریب سے آزاد بن حیدر‘ علامہ قاضی احمد نورانی‘ صاحبزاد پیر احمد عمران نقشبندی‘ مولانا عبدالقادری شیرازی‘ اویس آفاقی‘ صدرو خان‘ غلام یٰسین و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔