ہائوس جاب ڈاکٹرز کے بقایا جات جلد ادا کر دیں گے‘ وسیم اختر

11 اپریل 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال اور ملحقہ اسپتالوں میں ہائوس جاب کرنے والے 244 ڈاکٹرز کو جلد تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی اور ان کے 4 ماہ کے بقایا جات بھی ادا کر دئیے جائیں گے‘ احتجاج کسی مسئلے کا حل نہیں تمام مسائل افہام و تفہیم سے حل کریں گے‘ کے ایم سی اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ہرممکن طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملہ ہر مریض پر پوری توجہ دے اور وینٹی لیٹرز سمیت تمام خراب طبی آلات فوری ٹھیک کرائے جائیں یہ بات انہوں نے ملاقات کیلئے آئے ہوئے عباسی شہید اسپتال کے ہائوس جاب ڈاکٹرز کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین فنانس کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی‘ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم‘ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹو میئر ایس ایم شکیب‘ عباسی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔