بدترین لوڈ شیڈنگ ‘ سندھ حکومت کا کردار بھی مجرمانہ ہے‘ رہنما ایم ڈبلیو ایم
کراچی ( نیوزرپورٹر) شہر قائد میں لوڈشیڈنگ کا جن کسی صورت قابو نہیں آرہا‘ کے الیکٹرک سمیت وفاقی وزارت پانی وبجلی اور صوبائی حکومت کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے‘ کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ لوڈشیڈنگ کے اوقات میں زیادتی قابل مذمت ہے‘ نویں دسویں جماعت کے امتحانات میں مصروف طلباء کو تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے‘ کے الیکٹرک کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تعلیمی اداروں کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد صادق جعفری نے ڈویژنل کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ مبشر حسن‘ علامہ علی انور‘ علامہ نشان حیدر‘ احسن عباس رضوی‘ میر تقی ظفر‘ عارف رضا زیدی‘ عون علی‘ سبط اصغر و دیگر بھی موجود تھے۔