میگا سینٹر باہر ڈاکوئوں کی لوٹ مار شہری قیمتی سامان سے محروم

11 اپریل 2018

کراچی(کرائم رپورٹر) شہر میں 24 گھنٹے خدمات انجام دینے والے نادرا میگا سینٹرز کے افسران‘ ملازمین اورشناختی کارڈ بنانے کے لئے آنے والے شہریوں کو لٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کردیا گیا۔ نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر 24 گھنٹے شہریوں کی سہولیات فراہم کررہا ہے‘ یہاں دن اوررات بھر شہریوں کی آمدروفت رہتی ہے۔ پولیس سیکیورٹی نہ ہونے کے باعث ڈاکو شہریوں کو دن دہاڑے اور آدھی رات کو گن پوائنٹ پر بآسانی لوٹ لیتے ہیں۔ گزشتہ روز شناختی کارڈ کے حصول کیلئے قطاروں میں کھڑے درجن بھر شہریوں کوڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر موبائل فونز نقدی سمیت ضروری کاغذات کی فائل بھی چھین کر فرار ہوگئے جبکہ اس سے قبل نادرامیگا سینٹر کے افسران اورملازمین بھی متعدد بار قیمتی سامان سے محروم ہوچکے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے باعث رات کے اوقات میں آنے والے شہری اور میگا سینٹر عملہ سمیت مکمل طورپر ڈاکوئوں کے رحم وکرم پر ہوتا ہے۔ اگر فوری طورپر پولیس چیک پوسٹ قائم نہیں کیا گیا توخدشہ ہے کہ ڈاکوئوں ملازمین اور شہریوں کو قیمتی سامان سے محروم کرنے کے ساتھ نادرا سینٹر سے قیمتی کمپیوٹرز و دیگر آلات بھی لوٹ کر قومی ادارے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ سندھ‘ گورنر آئی جی پولیس اور ڈی جی نادرا سے اپیل کی ہے کہ نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر سمیت شہر کے تمام میگا سینٹرز پر پولیس چوکیاں بنائی جائیں۔