اسلام آباد یونائیٹڈٹیم کی اپنے آفیشل پارٹنر پی ٹی سی ایل کے ہیڈ کوارٹرز میں ٹرافی کے ہمراہ آ مد

11 اپریل 2018

اسلام آباد(این این آئی )پی ایس ایل 3 کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونا ئیٹڈ نے شاندار فتح کا جشن منانے کے لیے ٹرافی کے ہمراہ اپنے آفیشل پارٹنر، پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹرزکا دورہ کیا۔ ڈاکٹر ڈینئل رٹز ، پریزیڈنٹ اور سی ای او ، پی ٹی سی ایل، اسلام آباد یونائیٹڈ کے روح رواں علی نقوی، ٹیم مینجمنٹ اورپی ٹی سی ایل ملازمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی مینجمنٹ اور کھلاڑی پی ٹی سی ایل کے ملازمین سے گھل مل گئے اور ملازمین اسلام آباد یونائٹیڈ کے ستاروں کو اپنے درمیان پا کر بہت خوش ہوئے ۔ پی ٹی سی ایل کی مینجمنٹ نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔ ای وی پی مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکشن ، پی ٹی سی ایل، سید شہزاد شاہ، نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ ہم اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو اس شاندار جیت کاجشن منانے کے لیے پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹرز میں خوش آمدید کہتے ہیں۔اِس ٹیم نے تسلسل کے ساتھ اپنی اعلیٰ کارکردگی کے نتیجے میں کامیابی حاصل کی جس پر پی ٹی سی ایل کے ساتھ ساتھ ،پوری قوم کو فخر ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے تین ایڈ یشنز میں سے دومرتبہ ٹرافی اپنے نام کی ہے۔جو کہ اُن کی اہلیت اور بحیثیت ٹیم اُن کے بہترین ہونے کی عکاسی کرتاہے۔یہ جیت نہ صرف اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت ہے، بلکہ پی ٹی سی ایل اور پاکستان کرکٹ میں اس کے مسلسل تعاون کی بھی جیت ہے۔‘‘اس موقع پر علی نقوی، نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا "ہم نے تین سالوں میں دوسری مرتبہ پی ایس ایل کاٹائٹل جیت لیا ہے اور ہم اس فتح پر بہت خوش ہیں۔ اس موقع پر، میں پی ٹی سی ایل کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ٹیم پر اعتماد کیا اور ہمارے ساتھ شراکت کی۔