دورہ انگلینڈ آئرلینڈ 23 ممکنہ کرکٹرز کا اعلان فواد عالم شامل

11 اپریل 2018

لاہور(آئی این پی) آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل تربیتی کیمپ کے لیے ممکنہ23 قومی کرکٹرز کا اعلان کردیا گیا۔بیٹسمینوں میں اظہرعلی، سمیع اسلم، حارث سہیل، اسد شفیق، بابراعظم، فخرزمان، عثمان صلاح الدین، فواد عالم، سعد علی، امام الحق، اسپنرز بلال آصف، محمد اصغر، شاداب خان، کاشف بھٹی، فاسٹ بولرز محمد عامر، حسن علی، راحت علی، میر حمزہ شامل ہیں۔ محمد عباس منتخب کھلاڑیوں میں شامل لیکن کائونٹی کرکٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے کیمپ میں ٹریننگ کے لیے نہیں آئیں گے، وکٹ کیپرز سرفراز احمد کپتان، محمد رضوان، آل رانڈرز فہیم اشرف، حسین طلعت بھی ٹریننگ کا حصہ بنیں گے۔گرومنگ کے لیے شاہین شاہ آفریدی اور موسی خان کو بھی قذافی اسٹیڈیم میں تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ دوسری طرف یاسر شاہ کے بعد ایک اور کرکٹر کی انجری کی بھی تصدیق ہوگئی، شان مسعود گھٹنے میں تکلیف کے باعث ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں کیے گئے۔منتخب 23 کرکٹرز کی ٹریننگ کا سلسلہ 11 سے 15 اپریل تک جاری رہے گا، بعد ازاں تینوں ٹیسٹ میچز کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا جس میں شامل پلیئرز 18 سے 22 تک قذافی اسٹیڈیم میں ہی ٹریننگ کریں گے، قومی اسکواڈ 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگا۔پہلا ٹیسٹ آئر لینڈ کے شہر ڈبلن میں 11 سے 15 مئی تک ہو گا، میزبان ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار طویل فارمیٹ کا میچ کھیلے گی، انگلینڈ کے خلاف پہلا میچ 24 سے 28 مئی تک لارڈز، دوسرا یکم سے 5 جون تک لیڈز میں کھیلا جائے گا۔