اسلام آباد+ لاہور (خبرنگار خصوصی+ خبرنگار) پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم کو شروع کریں گے۔ اور جلد عوامی جلسے کئے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے ٹکٹوں کا اعلان آج (جمعرات) کر دیا جائے گا۔ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انتخابی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ نگران وزیر داخلہ کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے۔ وہ استعفیٰ دے کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائیں۔ ق لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے 95فیصد معاملات طے پا چکے ہیں۔ جلد ہی باقی امور بھی طے پا جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابا فریدالدین گنج شکرؒ کے گدی نشین کے صاحب زادے اور جمعیت علماءو مشائخ کے سربراہ دیوان احمد مسعود کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ دیوان احمد مسعود نے انتخابات میں ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اہلسنت کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ یہ درود پاک والے ہیں جو بارود کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس لئے ہم نے ان کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ چشتی، نظامی اور دوسرے سلسلے جو پاک پتن شریف کے ماننے والے ہیں وہ عام انتنخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کریں گے۔ فریال تالپور نے کہا کہ دیوان احمد مسعود نے پیپلز پارٹی کی غیرمشروط حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف انتخابی مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں فریال تالپور نے کہا کہ وہ خود کو سیاسی گروپ کہتے ہیں ایسے میں انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہے۔ سندھ کے قوم پرستوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کے اتحاد اور مضبوط وفاق پر یقین رکھتی ہے۔ قوم پرستوں کا اپنا نکتہ نظر ہے۔ ایک بیان میں منظور وٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے والے یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ ہزار جھوٹ بول کر بھی ایک سچ پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔ جو لوگ یہ شو رمچا رہے تھے کہ پیپلز پارٹی کو الیکشن کے لئے امیدوار دستیاب نہیں وہ الیکشن کمشن کی مصدقہ رپورٹ دیں لیں جس میں بتایا گیا کہ پیپلز پارٹی سب سے بڑی اور مقبول ترین عوامی جماعت ہے
فریال / وٹو
انتخابی مہم بلاول شروع کرینگے‘ پنجاب کی ٹکٹوں کا اعلان آج ہو گا : فریال‘ وٹو
Apr 11, 2013