ملکی دفاع اورمستحکم معیشت کی علامت  پاکستان آرڈیننس فیکزیز

Sep 10, 2024

عبدالستار چودھری 

ملکی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز نہ صرف اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر رہی ہیں بلکہ اسلحہ سازی کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات میں اضافے کے باعث مستحکم معیشت کے لئے بھی بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پاکستان آرڈیننس فیکٹریز ملک کے لئے سامان حرب بنانے والا سب سے بڑا ادارہ ہے جس نے1951 میں ایک فیکٹری سے اپنے سفر کا آغاز کیا آج یہ ادارہ اس وقت دنیا کے چالیس ملکوں کو عالمی معیار کی مصنوعات برآمد کر رہا ہے۔پی او ایف کے کامیاب تہتر سالوں کی کہانی بھی روشن اور مستحکم پاکستان کی ایک روشن دلیل ہے۔ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کا سنگ بنیاد ملک کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے 1951 میں رکھا تھا۔ یہ ادارہ بنانے کا مقصد ملک کو اسلحہ اور گولہ بارود کے سلسلے میں خودکفیل بنانا تھا۔ اپنے قیام سے لے کر آج تک پی او ایف نے اس مقصد کو اپنی اولین ترجیح بنائے رکھا جس کی واضح مثال ایک اسلحہ ساز فیکٹری سے شروع ہونے والا یہ سفر اب چھبیس کلومیٹر طویل علاقے پر مشتمل اسلحہ ساز فیکٹریوں کے کمپلیکس کی صورت میں قوم کے سامنے ہے۔ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز میں چھبیس ہزار سے زائد ہنرمند مصروف عمل ہیں جب کہ جدید ترین اسلحہ سازی کے کئے انیس ہزار پلانٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں جدید ترین مشینوں پر دستی بم اور پسٹل سے لے کر ٹینک اور اینٹی ٹینک گاڑیاں بھی بنائی جاتی ہیں۔پاکستان آرڈیننس فیکٹریز میں مختلف اقسام کی رائفلز ، مشین گنز، پسٹل، اینٹی ایئر کرافٹ گنز اور ان کا گولہ بارود، توپ خانے میں استعمال ہونے والا گولہ بارود، ٹینک اور اینٹی ٹینک اسلحہ، مارٹر بم، موٹر بمز کے فیوز، دھماکہ خیز مواد، شولڈر فائر راکٹس، دستی بم ، ہر طرح کے فوجی لباس، بلٹ پروف جیکٹس اور سیکورٹی اداروں کے استعمال میں ہونے والے آلات تیار کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کے لئے یہ بات کسی اعزاز سے کم نہیں کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز میں تیار کیا جانے والا اسلحہ اور گولہ بارود عالمی سطح پر بھی بے حد مقبول ہے، جس کی واضح مثال یہ ہے کہ امریکہ، برطانیہ، جرمنی سمیت دنیا کے چھوٹے بڑے چالیس ملک پاکستان سے پی او ایف کا تیار کردہ اسلحہ خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ پی او ایف نے اپنے قیام سے لے کر آج تک اپنی پیداواری صلاحیت میں ایک سو پچھہتر فیصد اضافہ کیا ہے۔ اس وقت اس ادارے میں 47 سے زائد دفاعی مصنوعات عالمی معیار کے مطابق تیار کی جا رہی ہیں جبکہ پچیس سے زائد جدید ترین نئی عسکری مصنوعات کی تیاری پر کام جاری ہے۔ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کا بارہوراں ایڈیشن ایکسپو سنٹر کراچی میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئیڈیاز کے قیام کا بنیادی مقصد پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کینٹ کی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرواتے  رہناہے۔ گزشتہ ایک دھائی سے زائد عرصے تک عالمی سطح پر اپنا سکہ جمانے والی اس دفاعی صنعتی نمائش کی کامیابی بنیادی طور پر پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کی ہی مرہون منت ہے۔ حال ہی میں پاکستان نے ترکی کے اشتراک سے ڈرونز اور رائفلز بنانے پر بھی کام شروع کیا جنہیں جلد نمائش کے لئے پیش کیا جائے گا۔ پاکستان کے دفاع میں جہاں مسلح افواج اور دیگر دفاعی ادارے مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور محفوظ پاکستان کا قیام یقینی بنا رہے ہیں وہیں ان اداروں کی  دفاعی صلاحیتوں کو جلا بخشنے میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کا بھی کردار انتہائی اہم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مزیدخبریں