ہمارے خطہ کے شعراء نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا: ڈاکٹر اختر ملک
ملتان (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ شعراء پنے تخیلاتی انداز فکر کی بدولت معاشرے کے جذبات،خیالات،رسم ورواج،فنون لطیفہ،تہذیب و ثقافت اور مسائل کی عکاسی کرتے ہیں،ہمارے خطہ کے شعراء نے ہمیشہ امن کا پیغام عام کیا ہے۔شعراء کی طرف سے چلایا گیا امن کا قافلہ ضرور منزل مقصود پر پہنچے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آرٹس کونسل میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم آزادی تقریبات اور سمر فیسٹول کے سلسلے میں منعقدہ امن مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امن مشاعرہ کے صدر محفل پروفیسر ڈاکٹر محمد امین جبکہ مہمان خاص خالد مسعود خان اور کنٹرولر ریڈیو پاکستان کوثرثمرین تھیں۔صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیراہتمام امن مشاعرہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا،ہمارے خطے کا اپنا انداز فکر ہے جس کی عکاسی ہمارے شعراء اپنی شاعری کی صورت میں پیش کرتے ہیں۔ترجمان حکومت پنجاب سبین گل خان ایم پی اے نے کہا کہ ہماری حکومت امن پسند شاعری کے فروغ کیلئے شعراء کے ساتھ ہے جس سے ہمارے امن پر مبنی عقائد کا پرچار دنیا تک پہنچے گا اور وطن پاکستان کا امیج بہتر ہو گا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملتان قمر الزمان قیصرانی نے کہا کہ شعراء قابل عزت شخصیات ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ملتان پر امن شاعری کے فروغ واحیا کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی۔امن مشاعرہ میں ملک کے نامور شعراء پروفیسر ڈاکٹر محمد امین،خالد مسعود خان، کوثر ثمرین،قمر رضا شہزاد،رضی الدین رضی،تحسین غنی، نوازش علی ندیم،عباس ملک، سلیم قیصر،ضیاء ثاقب بخاری،طفیل بلوچ،اکبر ہاشمی،لقمان ناصر،شاکر حسین شاکر،رضوانہ تبسم درانی،سید سہیل عابدی،معظم اور سید محمد رافع نے اپنا کلام سنا کر خوب داد سمیٹی۔امن مشاعرے میں ننھی طالبہ اشال مغیث کی انگلش نظم اور شکنتلہ دیوی کی گیت پرفارمنس کو بھی خوب سراہا گیا۔بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شعراء میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔امن مشاعرہ میں کمپیئرنگ کے فرائض معروف دانشور شاکر حسین شاکر اور جویریہ انعم نے انجام دئیے۔