اما م حسین ؑکی عظیم قربانی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،ساجدنقوی
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ کربلا ایک عظیم انقلابی تحریک اورایثارو قربانی کے لازوال جذبے کا نام ہے۔ حضرت اما م حسین علیہ السلام کی اپنے اہلبیت ؑ و اصحاب باوفا کے ہمراہ ناموس رسالت کی خاطر سرزمین کربلا پرعظیم قربانی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔واقعہ کربلا میں اس قدر ہدایت‘ رہنمائی اور جاذبیت ہے کہ وہ ہر دور کے ہر انسان کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔اس واقعہ کے پس منظر میں نواسہ رسول اکرم ؐ حضرت امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد‘ آفاقی اصول اور پختہ نظریات شامل ہیں۔ آپ نے واقعہ کربلا سے قبل مدینہ سے مکہ اور مکہ سے حج کے احرام کو عمرے میں تبدیل کرکے کربلا کے سفر کے دوران اپنے قیام کے اغراض و مقاصد کے بارے میں واشگاف انداز سے اظہار کیا اوردنیا کی ان غلط فہمیوں کو دور کیا کہ آپ کسی اقتدا رو جاہ و حشم کے حصول‘ ذاتی مفادات کے مدنظر یا کسی خاص شخصی مقصد کے تحت عازم سفر ہوئے ہیں اور موت جیسی اٹل حقیقت کے رونما ہونے پر یقین کے باوجود بھی اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں یہی وجہ ہے کہ حکمرانوں کی طرف سے ہر قسم کی مالی‘ دنیاوی ‘ حکومتی اور ذاتی پیشکش کو ٹھکرایا اور صرف قرآن و سنت‘ شریعت محمدی‘ دینی احکام ‘ اوامر و نواہی اور اسلام کے نظام کے نفاذ کو ترجیح دی۔