شہادت امام حسین ؑ صبر واستقامت اورعزم مسمم کا اعلیٰ نمونہ ہے،میاں اسلم
اسلام آباد ( وقائع نگارخصوصی ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ امام حُسین نے یزید کی بیعت نہ کر کے رہتی دنیا کے لیے عزیمت کا راستہ طے کر دیا ہے ، شہادت امام حسین ؑ صبر واستقامت اورعزم مسمم کا اعلیٰ نمونہ ہے۔واقعہ کربلاحق وصداقت کے لئے جینے اور مرنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے ظلم واستبداد کے آگے مصلحت و مفادات کے بجائے عقیدے کی پختگی اور صبر استقامت کی جو روشن مثال پیش کی وہ آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔میاں محمد اسلم نے کہا شہادت امام حسین ؑ مظلوموںکو ظالمانہ نظام کے خاتمے اور ظلم و جبرکے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتی ہے،ہم کربلا سے سبق سیکھ سکتے ہیں کہ کیسے تہذیب اسلامی کو فرعونی تہذیب بننے سے بچایا جائے، آج تہذیب اسلامی کو سب سے بڑا خطر ہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے البصیرہ اور ادارہ فکر جدید کے زیر اہتمام منعقد ہ سیمینار کربلا سرچشمہ تہذیب اسلامی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔