الائیڈ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ، مزید 62 شہری متاثر
راولپنڈی (جنرل رپورٹر)راولپنڈی میں مزید 62 شہری ڈینگی کا شکار ہو گئے،ذرائع کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1 ہزار سے زائد ہو گئی ہے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی ابتک تعداد اندازاً 1436تک پہنچ گئی ہے،پوٹھوہار ٹاون کے علاقوں سے چوبیس گھنٹوں میں مزید 39 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جبکہ ائیر پورٹ ہاوسنگ سکیموں سے ملحقہ علاقوں میں مزید 29 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔راولپنڈی و چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں سے بھی ڈینگی کے مریض ہسپتالوں میں پہنچنا شروع ہو گئے، ذرائع کے مطابق کینٹ ایریاز میں انسداد ڈینگی مہم کی مانیٹرنگ مزید سخت کرتے ہوئے انسداد ڈینگی مہم کیلئے ہر زون کو لاروا کی تلاش کر کے اسے تلف کرنے گھروں اور آئوٹ ڈور میں ڈینگی سرویلنس کے ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں،ادھر بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال، ہولی فیملی ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی ڈینگی وارڈز میں مریضوں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے،غیر سرکاری ذرائع کے مطابق ان ہسپتالوں سے اب تک 850ڈینگی کا شکار مریض ڈسچارج ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں،گزشتہ چار ہفتوں سے ائرپورٹ ہائوسنگ سکیم، وکیل کالونی، گلزار قائد، ڈھوک منشی، کوٹ جبی، ڈھوک کالا خان سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں ڈینگی کیخلاف کریش پروگرام کے باوجود گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ان علاقوں سے مزید 31ڈینگی کا شکار شہری ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔