واقعہ کربلا باطل کیخلاف کھڑے ہونے کادرس دیتاہے:جمعیت علماء پاکستان
لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے زیراہتمام جامعہ محمدیہ رضویہ گلبرگ میں دو روزہ شہادت امام حسین کانفرنس منعقد ہوئی ۔کانفرنس سے جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر ،مفتی تصدق حسین ،حافظ نصیر احمد نورانی،مولانا محمد سلیم اعوان ،رشید احمد رضوی ،مولانا نعیم احمد،مولانا ثاقب افضل،پروفیسر عابد رفیق،مولانا سرفراز احمد قادری اور دیگر علماء نے خطاب کیا۔علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسین ؓنے میدان کربلا میں قربانی پیش کرکے اسلام کی آبیاری کی اور قیامت تک آنے والے مسلمانوں کو درس دیا کہ جب رسول اللہؐکے نظام میں کوئی نقب لگانے کی یا احکامات خدا و رسول کا مذاق اڑانے کی کوشش کرے تو اس کے مقابلے کے لئے میدان عمل میں نکل آنا چاہیے اور پوری قوت سے اس کے خاتمے کے لئے جدوجہد کرنی چاہیے ۔مسلم دنیا کے حکمران بے حسی کی تصویر بنے سب کچھ خاموشی سے دیکھ رہے ہیں ۔