یوم عاشور صبر، استقامت اورحق کی خاطر قربانی دینے کاپیغام دیتاہے:اشرف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سر براہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے یوم عاشورہ کے موقع پر امت مسلمہ کے نام اپنے پیغام میں کہاہے ،یوم عاشورہ صبر، استقامت اور حق کی خاطر سب کچھ قربان کر دینے کا پیغام دیتا ہے۔قیامت تک کیلئے یہ دن امام عالی مقام سیدنا امام حسین ؓکی عظمتوں کا حوالہ ہے۔اس دن میں خاندان رسول ؐ کی لازوال قربانیوں کی برکت سے گلشن اسلام ہمیشہ کیلئے لہلہا رہا ہے۔تاریخ ادیان میں یومِ عاشورہ کو بڑی فضیلت حاصل رہی ہے۔اس دن میں رب ذوالجلال نے بڑے بڑے انبیاء کرام ؑکو اپنی خصوصی نوازشات سے نوازا ہے اور قوموں کی بڑی بڑی مشکلیں آسان ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہاحضرت امام حسین ؓسے محبت انسان کو اللہ تعالی اور اللہ تعالی کے رسول ؓ کا محبوب بنا دیتی ہے ۔