سنی اتحادکونسل آج ملک گیر’’ یوم فروغ پیغام حسین‘‘ منائے گی:حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل آج دس محرم کو ملک گیر’’ یوم فروغ پیغام حسین‘‘ منائے گی۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں پیغام حسین کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی جبکہ غریب بستیوں میں حسینی لنگر تقسیم کیا جائے گا اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی جائیں گی۔ سنی اتحاد کونسل نے یوم عاشور کے موقع پر بین المسالک ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے ضلعی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں اور جامعہ رضویہ میں مرکزی کنٹرول سیل بھی قائم کر دیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل سے وابستہ علماء یوم عاشور پر امن و امان کے قیام کیلئے متحرک رہیں گے۔ فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جامعہ رضویہ میں علماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ یوم عاشور سے ظلم کی مزاحمت کا درس ملتا ہے۔ امت مسلمہ آج بھی کربلا میں کھڑی ہے۔ امریکہ دور حاضر کی یذیدی قوتوں کا سرغنہ ہے۔ خاندان رسول کی قربانیوں سے اسلام کو نئی زندگی ملی۔ امام حسین کا نام حریت، استقامت اور جرات کی علامت بن کر تا قیامت جگمگاتا رہے گا۔ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں حسینیت اور یذیدیت کی جنگ جاری ہے۔ اہل بیت سے محبت اہل ایمان کا شیوہ ہے۔ کشمیریوں کا قتل عام کرنے والا مودی یذید کا پیروکار ہے۔ یوم عاشور شوق شہادت بیدار کرنے کا دن ہے۔