پاکستانی فلم ڈارلنگ نے وینس فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیت لیا
روم (نیٹ نیوز) پاکستانی شارٹ فلم 'ڈارلنگ' نے وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہتر مختصر فلم ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ فلم ڈارلنگ لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان شانی اور ایک مخنث خاتون الینا کی دوستی پر مبنی تھی جس کا ورلڈ پریمیئر وینس فلم فیسٹیول میں ہوا۔ الینا کا کردار الینا خان نے ادا کیا جو کہ لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک مخنث خاتون ہیں۔ اس فلم کی ہدایات 28 سالہ صائم صدیق نے دیں جو کہ لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت کولمبیا یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔ یہ پہلی بار ہوا ہے جب ایک پاکستانی فلم کی سکریننگ وینس فلم فیسٹیول میں ہوئی اور وہ ایوارڈ بھی جیتنے میں کامیاب رہی۔ فلم ڈارلنگ کو بیسٹ شارٹ فلم کا Orizzonti ایوارڈ دیا گیا۔ ڈارلنگ پہلی پاکستانی فلم ہے جو 3 بڑے فلمی فیسٹیول کانز، برلن اور وینس میں پیش کی گئی۔ اب اس فلم کو 10 ستمبر کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جائے گا۔