امام حسین ؓ نے قیامت تک ظلم کے سامنے نہ جھکنے کا پیغام دیا: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حسین حق یزید جھوٹ تھا ۔ واقعہ کربلا حق اور باطل کا معرکہ تھا اہل بیت اطہار کے مقدس خون نے قیامت تک کیلئے یزیدیت کو گالی بنا دیا ۔ سیدنا امام حسین ؓ نے جان کا نذرانہ پیش کرکے قیامت تک کے لیے ظلم، فسق فجور،حرص و ہوس اور فسطائیت کے سامنے نہ جھکنے کا پیغام دیا۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جس نے حسن رضی اللہ عنہ و حسین رضی اللہ عنہ سے محبت کی اس سے میں محبت کروں گا، امام عالی مقام سیدنا حسین ابن علی رضی اللہ عنہ نے گردن کٹوا لی مگر فاشسٹ، یزیدی نظام حکومت کو قبول نہیں کیا، اور تاریخ عالم کی عظیم قربانیاں دیکر دین مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا پرچم قیامت تک کے لیے سربلند کیا۔ اخروی نجات، ایمان کی سلامتی اہل بیت اطہار سے محبت میں ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے جو قرآن اور میری عترت (آل) کو تھام کر رکھے گا کبھی گمراہ نہیں ہوگا۔ واقعہ کربلا ظہور پذیر ہونے والا اچانک سانحہ نہیں ہے، عالم انسانیت کے اس دلخراش سانحہ کے بارے میں اللہ عالم الغیب نے حضور نبی اکرم صلی اللہ وعلیہ وسلم کو واقعہ کربلا کی جزئیات تک وحی کردی تھیں، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں من حیث القوم ظلم پر خاموش رہنے والے’’کوفی‘‘طرز عمل کو ترک کرنے اور حق کیلئے سب کچھ لٹا دینے کا حسینی جذبہ عطا فرمائے۔