جنگ بندی کے بغیر طالبان سے بات چیت مشکل ہے‘ اشرف غنی‘طالبان لیڈر دوحہ میں ہنی مون منا رہے ہیں: ترجمان افغان صدر
کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغان صدر اشرف غنی نے وزارت دفاع کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ افغانستان میں جنگ بندی کے بغیر طالیان سے بات چیت مشکل ہے۔ امن کیلئے ہم نے رائے عامہ ہموار کی لیکن طالبان نے غلط مطلب لیا ہم نے امن کا راستہ چنا ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ علاوہ ازیں افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان صدق صدیقی نے کہا ہے کہ عوام طالبان کے ساتھ ایسے نامکمل امن معاہدے کو قبول نہیں کریں گے، جس کے نتیجے میں ان کی ہلاکتیں ہی ہوں۔ کابل میں ایک نیوزکانفرنس میں انہوں نے کہا کہ قطر میں امن بات چیت کے لیے مقیم طالبان کے لیڈر تو دوحہ میں ہنی مون منا رہے ہیں اور طالبان لیڈروں کو قطر ہی سے افغانوں کو قتل کرنے کے احکامات موصول ہو رہے ہیں۔