آواز فنکار کے نام سے فنکاروں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے تنظیم کا قیام

Sep 10, 2018

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) راولپنڈی اسلام آباد کے فنکاروں نے آواز فنکار کے نام سے فنکاروں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لئے ایک تنظیم کی بنیاد رکھی ہے ۔ راولپنڈی سٹیج ڈرامہ کے معروف مصنف، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر منور آفرید ی کو ایک سال کے لئے تنظیم کا صدر منتخب کیا گیا ہے ۔تنظیم کے دیگر عہدیداران کے تقرر کا اختیار بھی ان کی دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ راولپنڈی اسلام آباد کے فنکاروں کے ایک کنونشن میں کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں راولپنڈی اسلام آباد کی فنکار برادری نے شرکت کی۔ انتخاب کے بعد اپنے خطاب میں منور آفریدی نے کہا کہ فنکار برادری کی فلاح و بہبود ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی آرٹ کونسل میں فنکاروں کے لئے جگہ مختص کرانے کے لئے کمشنر راولپنڈی کو تحریری درخواست دیں گے۔ فنکاروں کی صحت کی دیکھ بھال کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کروایا جائے گا۔ وزیرریلوے سے درخواست کی جائے گی کہ ریلوے کرائیوں میں فنکاروںکو 50 فیصد رعائیت دی جائے۔ وزیراعظم عمران خان کے 50 لاکھ گھروں کی سکیم میں فنکاروں کے لئے بھی کوٹہ مختص کیا جائے ۔ خیبر پختون خوا حکومت کی طرح پنجاب کے فنکاروں کو بھی ماہانہ 30 ہزار اعزازیہ دیا جائے۔ دیگر مقررین نے اس موقع پر منور آفریدی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا منور آفریدی نے راولپنڈی میں اوڈین، ناز ، ناولٹی، ریالٹو ،عسکری تھیٹر واہ اور دیگر بہت سے تھیٹر ز کے قیام میں بنیادی کرداد ادا کیا جس سے فنکاروں کے چولہے جلے اور عوام کو سستی تفریح میسر آئی۔

مزیدخبریں