تبدیلی کے دعویدار مسلم لیگ ن کی مخالفت میں بلدیاتی اداروں کو کھلواڑ نہ بنائیں

Sep 10, 2018

راولپنڈی (محمدرضوان ملک / نیوزرپورٹر) بلدیہ راولپنڈی کے وائس چئیرمینوں کی ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کوتوڑنے کی کسی بھی حکومتی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت ذاتی انا کی تسکین کی بجائے حقیقی تبدیلی کی عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کی خامیاں دور کرتے ہوئے انہیں زیادہ بااختیار بنائے۔ راولپنڈی کی مختلف یونین کونسلز کے وائس چئیرمینوں اے ڈی عباسی، صالحین قریشی، نوید شاہ، صابر صدیقی، فرحان شیخ ، چودھری نعیم، عرفان فیصل ، آصف اقبال، آصف بھٹی، راجہ شکیل اور کاشف عباسی نے ’نوائے وقت‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بلدیاتی ادارے جمہوریت کی شان اور آن ہیں ۔ ملکی ترقی میں بلدیاتی اداروں کا کردار کلیدی ہے۔انہوں نے کہا موجودہ بلدیاتی نظام پاکستان کی عدالت عظمی کے حکم پر وجود میں آیا ہے اسے ختم کرنے کی کوئی بھی کوشش توہین عدالت تصور ہوگی اور اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا تبدیلی کے دعویدار مسلم لیگ ن کی مخالفت میں بلدیاتی اداروں کو کھلواڑ نہ بنائیں ۔بچت کرنے کے دعویداروں کو یہ بھی ذہن میں رکھنا چاہیے کہ دوبارہ بلدیاتی انتخابات سے قومی خزانے کو اربوںکا ٹیکا لگے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جہاں تحریک انصاف کی حکومت اورنج ٹرین اور میڑو کا آڈٹ کروارہی ہے وہیں بلدیاتی اداروں کا بھی آڈٹ کروایا جائے۔ انہوں نے کہا ہم بلدیاتی نمائندے عوامی خدمت کررہے ہیں ۔تحریک انصاف اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں بلدیاتی اداروںکو کام کرنے دے۔ انہوں نے کہا مدینہ کی ریاست کے دعویدار انتقام کی آگ میں جلنے کی بجائے مدینہ کی ماڈل ریاست کا مطالعہ کریں۔ انہوںنے کہا اگر بلدیاتی نظام پر شب خون مارا گیا توا س ناپاک سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ بلدیاتی اداروں کو توڑنے والے پہلے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو توڑیں۔

مزیدخبریں