حکومت چنے کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، محکمہ زراعت
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق حکومت صوبے چنے کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ جس کے لئے کاشتکاروں کو 75 فیصد سبسڈی دی جارہی ہے۔ترجمان کے مطابق پنجاب میں چنے کی کاشت 25 ستمبر سے شروع کی جاتی ہے۔ چنا ایک پھلی دار فصل ہے جو غذائیت کے اعتبار سے گوشت کا نعم البدل سمجھا جاتا ہے ۔چنا پنجاب میں24 لاکھ ایکڑ پر کاشت کیا جاتا ہے جو ملک میں چنے کے کل رقبے کا80 فیصد ہے۔چنے کی فصل92 فیصد بارانی علاقہ جات بشمول تھل کے اضلاع میں کاشت کیا جاتا ہے ۔ترجمان کے مطابق چنے کے کاشتکار وں کے لیے سنہری موقع ہے کہ وہ چنے کی کاشت کر کے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کریں جس سے نہ صرف کاشتکاروں کا منافع بڑھے گا بلکہ درآمدی بل بھی کم ہو گا جو کاشتکاروں اور ملک و قوم کے مفاد میں ہے ۔چنے کی فصل کے لیے فاسفورسی کھاد کے استعمال سے دانے موٹے اور زیادہ تعداد میں بننے سے پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے۔چنے کی پیداوار کی بڑھوتری کیلئے ضروری ہے کہ بذریعہ ڈرپ نظام آبپاشی اس کی پیداوار یقینی بنائی جائے جس سے نہ صرف پانی کی بچت ہوتی ہے بلکہ اس کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ کاشتکارموزوں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ بہترین نظام آبپاشی کیلئے درخواستیںمتعلقہ اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت(اصلاح آبپاشی) کے دفاتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔