نیپال اور پاکستان گندھارا تہذیب کے عظیم ورثے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ،سیوا لمسل ادیکاری

Sep 10, 2018

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے ، کاروباری مواقع کی فراہمی اور درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے چیمبر میں کافی مارننگ کے نام سے سیشن منعقد ہوا۔نیپال کی سفیر سیوا لمسل ادیکاری مہمان خصوصی تھیں صدر چیمبر زاہد لطیف خان، سینئر نائب صدر ناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی، سابق صدر سہیل الطاف، مجلس عاملہ کے اراکین، ویمن کمیٹی کی چیئر پرسن سعدیہ ضیا اور ویمن انٹر پرنیورز کی ایک کثیر تعداد نے سیشن میں شرکت کی۔ نیپال کی سفیر سیوا لمسل ادیکاری نے اپنے خطاب میںکہا کہ نیپال اور پاکستان گندھارا تہذیب کے عظیم ورثے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں ۔ ہمارے باہم دوستانہ تعلقات ہیں نیپال پاکستان میں خواتین کی ترقی اور معاشی طور پر انہیں بااختیار بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا پاکستان میں خواتین تیزی کے ساتھ ترقی کر رہی ہیں اور مختلف شعبوں میں سرفہرست کردار ادا کر رہی ہیں انہوں نے راولپنڈی چیمبر کے اقدام کو سراہا جس میں ویمن بزنس انکیوبیشن سنٹر کا قیام بھی شامل ہے جس کا مقصد خواتین انٹر پرینورز کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے راہنمائی اور تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کی اسمبلی میں بھی خواتین کو نمائندگی دی جاتی ہے صدر آرسی سی آئی زاہد لطیف خان نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں کہا کہ خواتین کو انٹرپرینورشپ کے حوالے سے انہیں روزگار، مہارت اور تربیت فراہم کرنا چیمبر کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کے قیام کا مقصد خواتین انٹر پرینورز کوایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ انٹرپرینورشپ کے شعبے میں آگے بڑھ سکیںصدر آرسی سی آئی نے مزید کہا کہ راولپنڈی چیمبر نے خواتین کی آگاہی اور انہیں آگے لانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں ابھی حال ہی میںچیمبر نے پہلی بار پاکستان بھر کی خواتین چیمبرز آف کامرس کی صدور کانفرنس کا انعقاد بھی کیا تاکہ انہیں معاشی اور کاروباری مسائل کے حل کے لیے ایک پلیٹ فارم دستیاب ہو سکے چیئرپرسن کمیٹی سعدیہ ضیا نے اپنے خطاب میں شرکا ء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ خواتین مزید آگاہی حاصل کر سکیں۔

مزیدخبریں