یکم محرم مولانا فضل الرحمن پہلا فارم بھر کر رکنیت سازی کا آغاز کریں گے
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جے یو آئی(ف) یکم محرم الحرام ملک بھر میں رکنیت سازی کا آغاز کر رہی ہے مر کزی ناظم انتخاب جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری مولاناراشد خالد محمود سومرو کو مقرر کیا گیا ہے ، امریکہ کا بھارت کی طرف جھکائو اور بھارت کے ساتھ معاہدات اس با ت کا واضح ثبوت ہے کہ وہ خطے میں بھارت کوٹھیکدار اور تھانیدار بنانا چاہتا ہے سی پیک منصوبے کے کام کو تاخیر کی بجائے جلد از جلد پائیہ تکمیل کو پہنچنا چاہیے یہ بات جے یو آئی کے مر کزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے وفوداور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہی انہوں نے کہاکہ امریکہ پاکستان کے ساتھ ڈو مور کی بات کرتا ہے جبکہ بھارت کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دے رہا ہے یہ بات ایک حقیقت ہے کہ امریکہ اپنے مفادات کے لیئے کسی کو دوست بناتا ہے انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی سے باز آنے تیار نہیں پاکستان کی عوام بھارت کی ہر جارحیت کے مقابلے کے لیئے متحد اور متفق ہے مولانا محمد امجد خان نے عاطف میاں کو اقتصادی کونسل کے شامل کر نے کے فیصلے کو واپس لینے پر حکومتی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ دیر آید درست آید اور اگر آئین کو پڑھ لیاجا تا تو معاملہ یہاں تک نہ پہنچتامولانا محمد امجد خان نے بتا یا کہ مر کزی ناظم انتخاب نے مولانا خلیل الرحمن درخواستی کو پنجاب مولانا عبد اللہ مہر کو سندھ مولانا راشد کو خیبر او رمولاناعبد الخالق کو بلوچستان، محترم شمس الدین آفرین کوقبائلی علاقہ جات ، مولانا عنائت اللہ مہر کوگلگت بلتستان اور مولانا حمداللہ کو اسلام آباد کا ناظم انتخاب مقرر کیا ہے انہو ں نے کہاکہ یکم محرم الحرام کو اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمن پہلا فارم بھر کر رکنیت سازی کا آغاز کریں گے انہوں نے کہاکہ کارکن جماعت کے اغراض ومقاصد سے اگا ہ کر نے کے لیئے رابطہ عوام مہم چلائیں انہوں نے کہاکہ جے یو آئی ملک میں اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ اور غریب عوام کے مسائل کے حل کے لیئے کوشاں ہے اور ملک میں صحیح معنوں میں پالیمانی نظام کو مستحکم کر نے کے لیئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔