صوبہ سندھ، مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج مزید بارشوں کا امکان ہے، موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا.
محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کا سبب بننے والا ہوا کا کم دباوٴ صوبہ سندھ میں داخل ہوگیا ہے، جس سے کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر آج اور کل مزید بارش متوقع ہے۔ بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیراور شمالی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ منگل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے جبکہ کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی پنجاب کے اکثر حصوں میں موسلا دھاربارش ہوئی، اس کے علاوہ خیبرپختونخوا، کشمیر، سندھ، پنجاب، گلگت بلتستان اورمشرقی بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اب تک سب سے زیادہ بارش خان پور میں ایک سو ننانوے ملی میٹر ریکارڈ کی گئی.