قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی ،ریلوے کے 2 کوارٹر خالی کروا لیے
لاہور (سٹاف رپورٹر)ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انجینئر محمد ناصر خلیلی کی خصوصی ہدایت پر قبضہ مافیا کے خلاف ریلوے سٹیڈیم کانونی میں کاروائی کی گئی۔ کاروائی کے نتیجے میں ریلوے کے دو عدد کوارٹر خالی کروا لیے گئے۔ ذرائع کے مطابق کوارٹر نمبر 819/1 اور 10-A کا قبضہ چھڑا کر اصل الائٹی محمد نوید اور سمیل بھٹی کو دلوا دیا گیا۔ آپریشن کی کامیابی میں اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر عالیہ بی بی، لاء آفیسر خضر حیات کے علاوہ ایس ایچ او ریلوے پولیس رائے فیصل نے اہم کردار ادا کیا۔ قبضہ مافیا کے خلاف کی جانے والی کارروائی کے حوالے سے ڈی ایس ریلوے لاہور کا کہنا ہے کہ جس کے نام کوارٹر ہے وہ ہی ریلوے کوارٹر استعمال کرسکتاہے۔ آئندہ بھی کسی قسم کی شکایت کی صورت میں قبضہ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔