سائبر کرائم ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا منظور،ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانیکاحکم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان نے سائبر کرائم کے ملزم کاشف درس کی ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کاحکم دیا ہے ۔بدھ کو سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی ۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزم نے وائس چانسلر مہران یونیورسٹی کی برہنہ تصاویر اپ لوڈ کیں۔ پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزم کی فیس بک آئی ڈی کا فرانزک بھی کروایا گیا۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ ملزم کیخلاف تمام شواہد الیکٹرانک ڈیٹا پر مبنی ہیں،کمپیوٹر یا متعلقہ ڈیوائس ریکور کریں بندے کو کیا کرینگے۔ پراسیکیوٹر نے کہاکہ ٹرائل کورٹ نے ملزم کا ریمانڈ نہیں دیا تھا،ریمانڈ منظور نہ ہونے پر تفتیش مکمل نہیں ہو سکی۔دلائل سننے کے بعد عدالت نے سائبر کرائم کے ملزم کاشف درس کی ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کاحکم دیا ۔