معاشی سیاسی ابتری کسی قدرتی آفت نہیں، حکمران جماعت کی نا اہلی کا نتیجہ ہے، جے یو آئی ایف
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ ) جمعیت علماء اسلام نے 27 اکتوبر کو ہونے والے دھرنے سے قبل میڈیا کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ ملک میں موجودہ معاشی سیاسی ابتری کسی قدرتی آفت کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ حکمران جماعت کی نا اہلی کا حاصل ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی میڈیا حالات سے مکمل طور پر با خبر ہے، خط میں پی ٹی آئی کی حکومت کو ملک کی خراب معشیت اور سیاسی کلچر میں خرابی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ خط میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کسی شفاف الیکشن کے نتیجے میں وجود نہیں نہیں آئی۔ یہ ایک دھاندلی والے الیکشن کی پیداوار ہے۔ جے یو آئی ایک قومی سیاسی جماعت کی حیثیت سے یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وطن عزیز کو لاحق مسائل کا حل نئے اور منصفانہ انتخابات میں مضمر ہے اس لئے جمعیت کے خیال میں ہر محبت وطن اور تشویش میں مبتلا پاکستانی کو اس دھرنے میں ساتھ دینا چاہیے۔