جعلی اکاؤنٹس کیس، 7ملزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور
اسلام آباد(نا مہ نگار) قومی احتساب بیورو(نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میںپلی بارگین کر نے والے سات ملزمان کو احتساب عدالت میں پیش کر دیا ۔بدھ کو کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ نیب نے پلی بارگین ملزمان میں حماد شاہد، عبدالغنی، طارق بیگ،محمد اقبال، محمد توصیف، عامر اور سراج شاہدکو عدالت کے روبرو پیش کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر نیب قمر شہزاد نے ملزمان کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر قمر شہزاد نے عدالت کو بتایاکہ ملزمان نے پلی بارگین کی درخواست دی ہے اور چیئرمین نیب نے درخواست منظور کی ہے۔ جج محمد بشیر نے ملزمان سے استفسار کیا کہ کیا آپ لوگوں پر پلی بارگین کے لئے کسی کا دباؤہے ؟ ملزمان نے بتایاکہ کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے ہم اپنے خوشی سے پلی بارگینگ کر رہے ہیں،احتساب عدالت نے ملزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی ۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزم طارق بیگ نے 33، محمد اقبال نے 32 ایکڑ زمین واپس کی، ملزم عامر نے 40, سراج شاہد نے 50 ایکڑ زمین واپس کی۔تفتیشی افسر کے مطابق ملزم عبدالغنی سے 37ایکڑ، حامد شاہد سے 34 ایکڑ زمین واپس لی گئی، 10 ارب 66 کروڑ روپے کی زمین پاکستان اسٹیل مل کو واپس دلوا دی گئی ہے۔ تفتیشی افسر کے مطابق زمینوں کی الاٹمنٹ کے کیس میں ملزم محمد توصیف نے 42 کروڑ روپے نقد بھی واپس کئے۔تفتیشی آفسر نے بتایاکہ ملزم محمد توصیف وعدہ معاف گواہ بھی بھی بنایا گیا ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق سات ملزمان سے ریکور کی گئی زمین کا اسٹیل مل کو واپس دے دی گئی۔