سابقہ فاٹا ، سکیموں میں شفافیت ،کرپشن کی روک تھام کے لیئے4 رکنی سب کمیٹی تشکیل
ٓاسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریاستی و سرحدی امور نے سیکرٹری سیفران کو ہدایت کی ہے کہ وہ سابقہ قبائلی علاقہ فاٹا (خیبر پختوانخواہ)سے متعلق وفاقی کابینہ کے فیصلے پر تمام صوبوں کے متعلقہ محکموں سے عمل درآمد کروانے کے رابطہ کریں تاکہ فاٹا کے طالب علموں کے مستقبل کو محفوظ کیا جاسکے۔ کمیٹی نے سابقہ فاٹا میں ترقیاتی سکیموں میں شفافیت کو یقینی بنانے جبکہ کرپشن کی روک تھام کے لیئے اقدامات اٹھانے اور جائزہ کے لیئے ممبر کمیٹی ایم این اے ساجد حسین طوری کی سربراہی میں محمد اقبال خان، محمد جماالدین ، گل ظفر خان پر مشتمل 4رکنی سب کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریاستی و سرحدی امور ( سیفران)کا اجلاس چیئرمین کمیٹی ساجد خان کی سربراہی میں منعقد ہواا۔اجلاس میں ضم شدہ اضلاع کے طلباء کی مخصوص نشستوں کو ملک بھر کے تعلیمی اور صحت کے اداروں میں دگنا کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ کے 2 مارچ 2017 کے اجلاس کے فیصلے کے متعلقہ حصے پر غور کیا گیا۔ کمیٹی کے اراکین نے ملک بھر کے میڈیکل/ ڈینٹل کالجوں میں فاٹا کی مخصوص نشستوں کو دوگنا کرنے سے متعلق کابینہ کے فیصلے پر ڈھائی سال گزرنے کے بعد بھی عمل نہ کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ رجسٹرار پی ایم ڈی سی کی طرف سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ فی الحال پی ایم ڈی سی کونسل نامکمل ہے جس کی وجہ سے وزارت قومی صحت کی خدمات کی ضابطوں اور کوآرڈینیشن (این ایچ ایس آر اینڈ سی) کی ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ وہ این ایچ ایس آر اینڈ سی کی وزارت کو مشورہ دے سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فاٹا کے طلباء کے لئے مخصوص نشستوں کو دوگنا کرنے اور ایچ ای سی کے ذریعہ اعلیٰ تعلیم کے مواقع کے لئے منصوبے کے تحت بلوچستان اور فاٹا کے طلباء کے لئے میڈیکل اور ڈینٹل سیٹوں کو مختص کرنے کے معاملے پر مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کمیٹی کو سیکرٹری محکمہ زراعت خیبر پختونخوا نے ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) میں اراضی کی بحالی کے لئے جاری فنڈز اور مربوط اضلاع کے محکمہ زراعت میں گذشتہ پانچ سالوں کے دوران کی جانے والی بھرتیوں اور آئندہ زراعت اور مویشیوں کی ترقی کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی تاہم کمیٹی نے محکمہ زراعت کے مختصر / ورکنگ پیپرز میں فراہم کردہ معلومات سے اتفاق نہیں کیا اور فیصلہ کیا کہ وہ چار ممبران کی کمیٹی تشکیل دے گی جو فاٹا کے دورے پر جائیں گے۔ اجلاس میں صالح محمد، شاہد احمد، گل داد خان، گل ظفر خان، محمد اقبال خان، عبدالشکور شاد، سید افتخار الحسن، محمد افضل کھوکھر، ساجد حسینی طوری، محمد جمال الدین اور علی وزیر اور وزارت کے افسران / عہدیدار اور اس سے منسلک محکمے کے نمائندوں نے شرکت کی۔