چین مسئلہ کشمیرپرہماری اورہم تائیوان کے معاملہ پراس کی حمایت کرتے ہیں،فخرامام
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین سید فخر امام نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی تقریر تاریخی تھی اورچین نے اس کی بھر پور حمایت کر کے دوستی کا ثبوت دیا ہے، دوسری جانب پاکستان بھی تائیوان کے معاملے پر چین کی حمایت کرتا ہے۔چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام نے کہا ہے کہ چین متحدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان میں شامل ہے اور اس نے 50 سال بعد مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران چینی ہم منصب سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مسئلہ کشمیر پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سید فخر امام نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے بھارت اور نیپال کے دورے کی توقع کی جارہی ہے اور امید ہے کہ وہ اس دورے کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہ چینی صدر مقبوضہ وادی پر بھارت کے غیر قانونی اقدام پر تشویش کا اظہار بھی کریں گے۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کو تقریبا 65 دن گزر چکے ہیں وہاں خوراک ، ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ذریعہ کشمیری خواتین کو ہراساں کیا جارہا ہے اور ان کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی رہا ہے اور وادی میں دہشت گردی کا سا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔