ایران نے 40 برس بعد خواتین کو فٹ بال اسٹیڈیم جانے کی اجازت دیدی
تہران (این این آئی)ایران نے فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کی دھمکی کے زیر اثر 40 برس بعد خواتین کو فٹ بال اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دے دی۔تفصیلات کے مطابق فیفا نے گزشتہ ماہ ایران سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ خواتین کو غیر مشروط طور پر اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دے۔فیفا نے دھمکی دی تھی کہ اگر تہران نے خواتین سے متعلق مثبت فیصلہ نہیں کیا تو ایران کو فیفا سے باہر کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ فیفا کی جانب سے مذکورہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ایک لڑکی نے اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے لڑکوں والا لباس زیب تن کیا تاہم ان کی شناخت ظاہر ہوگئی۔بعدازاں گرفتاری کے ڈر سے لڑکی نے خود سوزی کرلی تھی۔ایران کی جانب سے پابندی اٹھائے جانے کے بعد خواتین کی بڑی تعداد نے ٹکٹ خریدنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔سرکاری میڈیا کے مطابق 2022 کے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ ایران اور کمبوڈیا کی ٹیموں کے مابین آزادی اسٹیڈیم میں ہوگا۔