تحفظ حقوق علمائے اوقاف راولپنڈی ڈویژن کے زیر اہتمام انسداد ڈینگی واک ، سیمینار
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ڈینگی کی وباء کے خلاف تحفظ حقوق علمائے اوقاف راولپنڈی ڈویژن بھی میدان میں آگیا اور راولپنڈی کی مساجد میں روزانہ کی بنیاد پر آگہی مہم بھی شروع کردی جس میں واک اور سیمینار بھی شامل ہیں اس مہم میں عوام الناس ، سماجی اداروں اور مدارس کے طلبہ کو شامل کرلیا گیاتحفظ حقوق علمائے اوقاف راولپنڈی ڈویژن کے صدر عبدالرحیم عباسی ، سینئر نائب صدر قاری امان الغفور نقشبندی ، مولاناعبدالباسط ، علامہ ایاز رضوی ، مولانا لالہ طفیل چشتی ، علامہ عقیل ، مولانا عامر ، مولانا بشیر ، مولانا عزیز الحسن شاہ ، مولانا ارشاد الحق حقانی ، مولانا عبدالمالک ، مفتی عنائت الرحمٰن ، مفتی صدیق الحسنین ، قاری یونس ، ملک سفیر اعوان نے جامع مسجد آثار الولی کنک منڈی تنظیم کے مرکزی دفتر میں انسداد ڈینگی واک اور سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل لاہور کی طرح اب اہل راولپنڈی کو بھی انسداد ڈینگی کیلئے اپنی شمولیت یقینی بنانی ہوگی اور گلی محلوںمیں بھی صفائی ستھرائی مہم کا سماجی جذبے کے تحت ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ صفائی نصف ایمان اور اس کی عملی تصویر پیش کرنے کیلئے بطور شہری ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ راولپنڈی کو گندگی سے صاف کریں اس سلسلے میں تحفظ حقوق علمائے اوقاف راولپنڈی ڈویژن نے راولپنڈی کی مساجد اور مدارس کا روزانہ کی بنیاد پر سیمینار اور ریلی کیلئے شیڈول دے دیا جس میں تمام جید علمائے کرام اپنی شرکت یقینی بنائیں گے امن کمیٹی کے چیئرمین پیر سید اظہار بخاری اور ان کے دیگر ممبران کو بھی اس مہم میں موثر کردار ادا کرنے کیلئے شامل کیا گیا ہے بڑے مدارس اور مساجد میں ان کی ہی نگرانی میں بڑے پروگرام منعقد ہوں گے ۔