راولپنڈی میں ڈینگی سے ایک اور ہلاکت‘ ملک میں مریضوں کی تعداد 24 ہزار ہو گئی
راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ اوکاڑہ کینٹ‘ چیچہ وطنی (اپنے سٹاف رپورٹر سے + خصوصی نمائندہ + نامہ نگار) راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ ایک مریض چل بسا، رواں سیزن میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد42 ہوگئی۔ جاں بحق مریض کا نام زاہد بتایا گیا ہے جو بینظیر بھٹو ہسپتال میں داخل تھا ہسپتال میں دو دنوں میں تین ڈینگی کے مریض جاں بحق ہوئے گزشتہ24 گھنٹے میں 137 نئے مریض ہسپتالوں میں داخل کرلئے گئے۔ ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 7242 ہوگئی۔ جبکہ اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 24 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اسلام آباد میں ملک بھر میں سے ڈینگی کے سب سے زائد کیسز سامنے آئے، اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کی تعداد 6 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اسلام آباد میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد14 ہوگئی۔ ترجمان پولی کلینک کے مطابق پولی کلینک میں ڈینگی کے 137 مریض زیر علاج ہیں، پولی کلینک میں 6 مریضوں کی حالت تشوناک ہے، ترجمان پمز کے مطابق پمزمیں ڈینگی کے 70 مریض داخل ہیں۔ ترجمان پمز کے مطابق گزشتہ چویبس گھنٹوں میں 5 سو سے زائد مشتبہ مریض پمزہسپتال کی او پی ڈی میں آئے۔ نجی ہسپتالوں میں ڈینگی کے 120 سے زائد مریض داخل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی سے مرنے والوں کی 42 سے زائد ہو گئی۔ دریں اثناء اوکاڑہ کینٹ اور چیچہ وطنی میں 2 افراد ڈینگی کا شکار‘ ہسپتال منتقل‘ شہری خوفزدہ ہو گئے۔ کنٹونمنٹ بورڈ اوکاڑہ کے ملازم امتیاز اور چیچہ وطنی کے شکیل قمر میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔