سرکاری افسروں کی عدم شرکت پر قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس احتجاجاً ملتوی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے دفاع کا اجلاس سرکاری افسروں کی عدم شرکت کے باعث احتجاجاً ملتوی کر دیا گیا۔ ایوان زیرین کے ڈپٹی سیکرٹری برائے کمیٹیز سید حسین رضا زیدی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا مجلس قائمہ کا اجلاس اس کے صدر نشین امجد علی خان کی زیر صدارت ہوا جس میں وزارت داخلہ، ڈی جی نیکٹا اور ایف آئی ای کی جانب سے شرکاء اجلاس کو سائبر جرائم کے بارے میں بریفنگ دینی تھی۔ لیکن وہ اجلاس میں موجود نہیں تھے۔ اس طرز عمل کے خلاف بطور احتجاج اجلاس ملتوی کرتے ہوئے یہ معاملہ ایوان کی استحقاق کمیٹی میں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔