مہلک بیماری بریسٹ کینسر کا علاج ممکن، تشخیص پر فوری ٹریٹمنٹ ضروری: ثمینہ علوی
لاہور (لیڈی رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر کا علاج موجود ہے۔ تشخیص پر فوری علاج شروع کردینا چاہئے۔ وہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں ’’بریسٹ کینسر‘‘ بارے آگاہی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پرگورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور، ڈاکٹر آمنہ‘ ڈاکٹر ہما اور ڈاکٹر مریم بھی موجود تھیں۔ بیگم پروین سرور نے کہا کہ بریسٹ کینسر پر خواتین کوکسی قسم کی شرم کرنے کی بجائے فوری طور پر علاج شروع کروانا چاہیے کیونکہ علاج کے ذریعے اس مہلک بیماری سے نجات ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لاہور سمیت پورے پنجاب میں بر یسٹ کینسرسے آگاہی کے حوالے سے مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کے لیے ہم تعلیمی اداروں سمیت دیگر شعبوں میں خواتین کو اس حوالے سے آگاہی دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بریسٹ کینسر بارے آگاہی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں اس کیلئے تمام طبقات کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کر نا ہوگا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ شہری علاقوں کیساتھ ساتھ دیہاتی علاقوں میں بھی خواتین کو بر یسٹ کینسر کے حوالے سے آگا ہی دینا لازم ہو چکا ہے۔ بعد ازاں بیگم ثمینہ علوی نے پنک ربن بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے حوالے سے ہوم اکنامکس کالج میں منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین، اساتذہ و طالبات بھی موجود تھیں۔