پشاور میں بی آر ٹی بسیں نہ چلیں، چین سے360کرایہ کی سائیکلیں منگوالی گئیں
پشاور (نیٹ نیوز) پشاور میں ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے لیے بسیں چلنے کا آغاز تو نہ ہوسکا لیکن چین سے سائیکلیں منگوالی گئی ہیں۔ 360 سائیکلیں چین سے پشاور منگوائی گئی ہیں، یہ سائیکلیں ’زو‘ نام سے متعارف کی گئی ہیں جس کے معنی پشتو زبان میں ’چلو‘ کے ہیں۔ ان سائیکلوں کو بی آر ٹی پر سفر کرنے والے مسافر استعمال کرسکیں گے جس کا کرایہ بھی بہت کم ہوگا۔ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو افسر فیاض خان نے بتایا کہ زو سائیکل اسمارٹ کارڈ یا موبائل ایپ کی مدد سے حاصل کی جا سکیں گی ۔ ٹرانزٹ ترجمان نعمان منظور نے بتایا کہ زو سائیکلوں کو منگوانے کا مقصد ہے کہ جب مسافر اے سی اور وائی فائے والی بس سے اترے تو اپنی حتمی منزل تک صحت مند طریقے سے پہنچے۔