نیب صرف سندھ تک محدود ، کے پی میں اسکے پر جلتے ہیں،فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)قومی اسمبلی میں سابق ڈپٹی سپیکر اورپاکستان پیپلزپارٹی کے پی کے جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پشاور بی آرٹی منصوبہ میں پاکستان کی تصویر ہے جس دن بی آرٹی منصوبے کی تحقیقات ہوئیں تو پرویز خٹک جیل میں ہوں گے اور لوٹ مار کے پیسے بنی گالہ محل سے برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیب صرف سندھ تک محدود ہے، کے پی میں آتے ہوئے اس کے پر جلتے ہیں حالانکہ کے پی میں کرپشن کے سوا کوئی کام نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرح کے پی میں بھی کٹھ پتلی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالم جبہ کی تحقیقات ردی کی ٹوکری کی نظر کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ صوبے میں ہونے والی ہر کرپشن میں عمران نیازی کی تصویر نظر آتی ہے۔