یمن: اتحادی فورسز نے حوثیوں کا مبینہ ایرانی ساختہ ڈرون مار گرایا
صنعاء (این این آئی)یمن کی آئینی حکومت کی وفادار فوج نے الجوف گورنری میں حوثی باغیوں کی طرف سے ایک فوجی کیمپ پربمباری کے لیے بھیجا گیا مسلح ڈرون طیارہ مار گراتے ہوئے کیمپ کو تباہی سے بچا لیا۔خیال رہے کہ دو روز قبل الحجہ گورنری میں یمنی فوج نے مسلح ڈرون اور گذشتہ ہفتے حیران گورنری میں ایرانی ساختہ ایک جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ادھرایک دوسری پیشرفت میں عرب اتحادی فوج کی مدد سے یمنی فوج نے حوثی باغیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقے صعدہ میں کئی اہم مقامات باغیوں سے چھین لیے۔ فوجی آپریشن میں باغیوں کو بھاری جانی اور مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔یمنی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی صعدہ میں رازح اور ظاھر ڈاریکٹوریٹ میں جبل بنی سعد کے علاقے سے حوثی باغیوں کو پسپا کردیا گیا ہے۔