حکومت قومی صحت ویژن کے تحت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے پوری طرح پرعزم ہے:وزیراعظم شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے صحت کے قومی ویژن کے تحت صحت سمیت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کا عزم کررکھا ہے۔وہ منگل کے روزاسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹرTedrose Adhanom سے گفتگو کررہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بیماریوں کی روک تھام اور صحت کی مساویانہ سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیو کے تدارک کے ہدف کے حصول کیلئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جن کا بین الاقوامی طور پر اعتراف کیا گیا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صحت کے قومی پروگرام کے تحت گزشتہ چار برس کے دوران صحت کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے غریب افراد کو صحت کی مفت سہولتیں فراہم ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے میں بھی نمایاں طور پر بہتری آئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا ادویات کی ریگولیشن کا نظام، بارکوڈنگ، تصدیق و نگرانی کے عمل میں بہتری آئی ہے اور وہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے۔اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے شعبے میں اہداف کے حصول میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔انہوں نے مشرقی بحیرہ روم کیلئے عالمی ادارہ صحت کی علاقائی کمیٹی کے چونسٹھ ویں اجلاس کی میزبانی کرنے پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ اور دیگر حکام اور عالمی ادارہ صحت کے مندوب بھی موجود تھے.