آئین کے آرٹیکل 203میں کی گئی ترامیم آئین کے بنیادی اساس کے خلا ف ہے, خوشامدی ٹولہ اپنے ذاتی مقاصد کی خاطر آئین کے ساتھ کھلواڑ کھیل رہا ہے: ڈاکٹر یاسمین راشد
پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 203میں کی گئی ترامیم آئین کے بنیادی اساس کے خلا ف ہے, نواز شریف کی نا اہلی کے بعد انہیں دوبارہ پارٹی کا صدر نہیں بنایا جا سکتا ،خوشامدی ٹولہ اپنے ذاتی مقاصد کی خاطر آئین کے ساتھ کھلواڑ کھیل رہا ہے جو قابل مذمت ہے، قومی مجرم عدالتوں میں پیش ہو رہے ہے ،کرپشن کے مال کو بچانے کیلئے تاخیری حربے اختیار کرنے کیساتھ اداروں کیخلاف زہر اگلا جارہا ہے لیکن ان کی کوئی کوشش کامیاب ہونے والی نہیں. انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی طویل جدوجہد کے بعد قوم نے اب حساب مانگا تو ان کی نیندیں اڑ گئیں ہیں،ہر پیشی سے قبل اور بعد میں عدالتوں کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے تحقیقات کو سازش کا رنگ دینے کیلئے پراپیگنڈا شروع کردیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانے والے نیب قوانین کو ترامیم سے اتنا کمزور کرنے کیلیے کوشاں ہیں کہ کرپٹ ٹولے کو کوئی پوچھنے والا نہ ہو لیکن پی ٹی آئی آئین سے کھلواڑ کے چہرے بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔