کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ دو روز کی مندی کے بعد آج محدود تیزی رہی، کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس پندرہ ہزار سات سو چون پوائنٹس پر بند ہوا۔
کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز گرین زون میں ہوا تاہم این آر او عمل درآمد کیس میں مثبت پیش رفت کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس سو سے زائد پوائنٹس بڑھ کر پندرہ ہزار آٹھ سو پوائنٹس کی حد عبور کرگیا تاہم حب پاور کمپنی، نشاط مل، ڈی جی خان سیمنٹ میں شئیرز کی فروخت کے باعث ہنڈریڈ انڈیکس پندرہ ہزار سات سو چون پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم تیرہ کروڑ اٹھائیس لاکھ شئیرز رہا۔ حجم کے اعتبار سے سب سے زیادہ سودے حب پاور کمپنی میں ہوئے۔