لاہور: پرانی دشمنی پر مخالف گروپ کے 5 افراد قتل، 6 زخمی
لاہور (نامہ نگار) باٹا پور کے علاقے میں پرانی رنجش پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 5 افرادکو ہلاک جبکہ 6کوشدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں شدیدخوف و ہراس پھیل گیا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق باٹا پور کے علاقے میں امجد گروپ نے چند روز قبل ایک شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔ گزشتہ روز پولیس نے دونوں پارٹیوں کوسننے کے لئے پولیس چوکی واہگہ بلایا تھا۔ امجد گروپ کے ارکان پولیس چوکی جا رہے تھے کہ راستے میں پرانی رنجش پر گھات لگائے بیٹھے ان کے مخالف رفاقت گروپ نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں چار افراد30 سالہ محمد اعجاز، 32 سالہ عمران، 35 سالہ ظفر اور 40 سالہ امجدعلی موقع پر ہلاک جبکہ سات افراد 65 سالہ منیر، 27سالہ محمود،50 رفاقت،35 سالہ امتیاز،33سالہ مصطفٰی اور 30 سالہ فاروق وغیرہ شدید زخمی ہو گئے۔ دن دیہاڑے اندھا دھندفائرنگ کے نتیجے میں علاقے میں شدیدخوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی لوگوں نے بھاگ کر اورزمین پرلیٹ کر جانیں بچائیں جبکہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ۔ بعد ازاں 65 سالہ منیر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ دونوں گروپ آپس میں رشتے دار ہیں اور ان کے درمیان پراپرٹی کا تنازعہ چل رہا تھا۔ فائرنگ کلاشنکوف،30 بور پسٹل، اور 9 ایم ایم پستول سے کی گئی۔