یمن: بارودی سرنگ پھٹنے سے 9 سالہ بچہ جاں بحق‘ بہن اور بھائی زخمی
صنعا (انٹر نیشنل ڈیسک) جنگ زدہ یمن کے دارالحکومت کے مشرقی علاقے میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک 9 سالہ بچہ جاں بحق اور اس کی بہن اور بھائی زخمی ہو گئے۔ العربیہ نیوز کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعت کے علاقے ربیع یام میں بچے بکریاں چرا رہے تھے کہ اچانک زوردار دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 9 سالہ مارش ربیع موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دھماکے کی زد میں آ کر اس کا 7 سالہ بھائی ھمام اور 6 سالہ بہن صنع اﷲ بھی زخمی ہو گئی۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ بارودی سرنگ پھٹنے کے باعث ہوا‘ یہ بارودی سرنگیں حوثی باغیوں نے زیر زمین بچھائی تھیں تاکہ یمن کی اتحادی افواج کو نشانہ بنایا جا سکے۔ باغی جنگجوؤں نے اس علاقے میں ہزاروں بارودی سرنگیں اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات زیر زمین نصب کر رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ یمن میں دارالحکومت صنعا کے اکثر علاقوں پر حوثی باغیوں کا قبضہ ہے جبکہ سعودی عرب کی سربراہی میں عسکری اتحاد کی افواج صنعا سے باغیوں کا قبضہ چھڑوانے کے لئے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے تاہم اس دوران ہونے والی جھڑپوں میں زیادہ ترجانی اور مالی نقصان شہریوں کا ہوا ہے۔