اقبال کے آفاقی نظریات نے مسلمانوں کو ولولہ تازہ دیا: ڈاکٹر رفیق احمد
لاہور (سپیشل رپورٹر) علامہ محمد اقبالؒ کے انقلابی وآفاقی افکار نے مسلمانان برصغیر کو ایک ولولۂ تازہ عطا کردیا اور وہ آزادی کے حصول کی خاطر سربکف ہوگئے۔علامہ اقبالؒ بڑے عاشق رسولؐ تھے اور انہوں نے امت کو بھی عشق رسولؐ کا پیغام دیا۔ دنیائے اسلام کی بہت سی تحریکوں کو افکارِ اقبالؒ نے مہمیز عطا کی جن کی بدولت امتِ مسلمہ نے غلامی کی زنجیر توڑ ڈالیں۔ علامہ اقبالؒ کے حیات بخش افکار کو زادِ راہ بنا کر قائداعظمؒ نے مسلمانوں کو انگریزوں کی غلامی اور ہندوئوں کے امکانی تسلط سے نجات دلائی۔ موجودہ حالات سے نبردآزما ہونے کے ضمن میں افکارِ اقبالؒ ہماری موثر رہنمائی کرتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہورمیں مفکر پاکستان‘شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے 142ویں یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران کیا ۔ تقریب کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب کی صدارت تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کی جبکہ اس موقع پر علامہ محمد اقبالؒ کی بہو جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال،سرپرست نظریۂ پاکستان فورم مشرق وسطیٰ ڈاکٹر خالد عباس الاسدی، بیگم مہناز رفیع، رانا محمد ارشد، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق،اساتذۂ کرام، طلبا وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کثیر تعدادمیں موجود تھے۔