نیب نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس مانگ لیں‘ بیرون ملک روانگی مؤخر
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ/ این این آئی) سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمے داری لینے کو نیب تیار ہے اور نہ حکومت‘ نیب نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی بجائے وزارت داخلہ کو ہی جوابی خط لکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق نیب کی طرف سے تاخیری حربے استعمال کئے جا رہے ہیں جبکہ حکومت اپنا اختیار استعمال کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ وزارت داخلہ اور حکومت نے خود فیصلہ کرنے کی بجائے معاملہ نیب کو بھیجا تھا جبکہ ماضی میں وزارت داخلہ نیب سے پوچھے بغیر کئی افراد کے نام ای سی ایل سے نکال چکی ہے۔ نیب نے نواز شریف کی سرکاری میڈیکل بورڈ اور شریف میڈیکل سٹی کی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کا متعلقہ عملہ رات گئے تک وزارت داخلہ میں بیٹھا رہا۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب آپریشنز بھی نیب کے دفتر آئے تاہم چیئرمین نیب کی عدم دستیابی کے باعث ای سی ایل سے نام نکالنے کی کارروائی نہ ہو سکی۔ ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے نیب کا سند عدم اعتراض (این او سی) ضروری تقاضا ہے۔ رات گئے کی اطلاع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ پیر تک مؤخر کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نیب اور وزارت داخلہ کے درمیان خط اور جوابی خط کے بعد معاملہ پیر تک چلا گیا۔ وزارت داخلہ حکام شام تک اپنے دفتر میں نیب کے جواب کا انتظار کرتے رہے۔ نیب کا جواب ملنے کے بعد اب معاملہ وزیر داخلہ کے سامنے رکھا جائے گا۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حتمی فیصلہ اب کابینہ کی ذیلی کمیٹی کرے گی۔ دریں اثناء ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن روانگی کی ٹکٹ کنفرم ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف پیر کی صبح 9 بجکر 5 منٹ پر لندن براستہ دوحہ روانہ ہوں گے۔ نواز شریف قطر ائیر ویز کی پرواز کیو آر 629 سے لندن روانہ ہوں گے۔ شہباز شریف اور ڈاکٹر عدنان بھی نواز شریف کے ساتھ ہوں گے۔ ٹکٹ پر نواز شریف کی پاکستان واپسی کیلئے سفر کی تاریخ 27 نومبر درج ہے۔