پاکستان بچوں کی اموات کے لحاظ سے دنیا کا خطر ناک ترین ملک قرار
کراچی(این این آئی)بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نومولود بچوں کی اموات کے لحاظ سے دنیا کا سب سے خطرناک ترین ملک قرار پایا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیسیف کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نومولود بچوں کی اموات کے لحاظ سے دنیا کا سب سے خطرناک ترین ملک ہے جہاں ہر 22 ویں بچے کی پیدائش کے بعد ایک بچے کی موت ہوتی ہے جبکہ پاکستان میں نومولود بچوں کی شرح اموات 46 فیصد تک ہے۔ اس فہرست میں مزید 10 ممالک شامل ہیں جنہیں بچوں کی اموات کے لحاظ سے خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ سال 2018 کی یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق دس بدترین ممالک میں پاکستان سمیت سینٹرل افریقن رپبلک، افغانستان، صومالیہ، جنوبی سوڈان، مالی وغیرہ شامل ہیں۔دوسری جانب بچوں کی پیدائش کے لحاظ سے دنیا کے سب سے محفوظ ترین ممالک میں جاپان پہلے نمبر پر ہے ۔ یونیسیف کی محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں جاپان سمیت سنگاپور، آئس لینڈ، فن لینڈ، سلووینیا، ایسٹونیا، کوریا اور نوروے وغیرہ شامل ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 2014 کے اعداد و شمار کے مطابق دس ہزار افراد کے لیے 14 طبی ماہرین دستیاب تھے جبکہ افغانستان میں یہ تعداد 7تھی۔