پٹواریوں کو منشیوں کے ذریعے رشوت لینا مہنگا ثابت ہوا
ملتان (نمائندہ خصوصی‘ کرائم رپورٹر) محکمہ مال کے پٹواریوں کو منشیوں کے ذریعہ رشوت لینا مہنگا ثابت ہوا ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر میں پٹواریوں کے منشیوں کو بھی گرفتار کرنا شروع کردیا ہے۔ معلوم ہوا ہے گزشتہ2 ماہ کے دوران ملتان ریجن میں 6 سے زائد پٹواریوں کے منشیوں کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے تحصیل ملتان سٹی کے پٹواری ندیم مصطفی کے منشی وسیم‘ پٹواری عاصم شاہ کے منشی باسط کو گرفتار کیا گیا۔ اس دوران خانیوال میں بھی پٹواریوں کے منشی گرفتار ہوئے لیکن کسی پٹواری کے منشی نے رشوت وصولی کا کام نہیں روکا۔ بلکہ اپنے پٹواری کے احکامات پر سائیلین کا جینا دشوار کئے رکھا‘ گزشتہ روز بھی موضع طرف مبارک دوئم کے پٹواری نذر حسین کے منشی کو رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ بتایا گیا ہے پٹواری نذر حسین کو اینٹی کرپشن کے مقدمہ میں سزا ہو چکی ہے جس کے خلاف پٹواری نذر حسین نے عدالت عالیہ میں اپیل کر رکھی ہے۔