ٹھٹھہ صادق آباد: ہیکرز نے شہید کی پنشن پر ہاتھ صاف کر دیا
ٹھٹھہ صادق آباد (خبر نگار) جہانیاں میں ہیکرز نے شہید کی پنشن کی رقم پر ہاتھ صاف کر دیا ہے۔ سپاہی محمد شاہد انجم سوات آپریشن میں شہید ہوگیا تھا۔ ورثاء رقم ریکوری کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ ایف آئی اے، بینک عملہ کوئی بھی مدد کرنے کو تیار نہیں۔ تفصیل کے مطابق جہانیاں میں ایک کے بعد ایک بینک ہیکنگ کا معاملہ سامنے آرہا ہے۔ سوات آپریشن میں شہید ہونے والا جہانیاں کا سپاہی محمد شاہد انجم کی پنشن کی رقم اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ہتھیا لی گئی۔ شہید سپاہی کے والد نجم الدین کو کال کر کے اے ٹی ایم کارڈ اپڈیٹ کرنے کا بہانہ بنا کر معلومات لی گئیں اور رقم مبینہ ڈپلیکیٹ اے ٹی ایم کے ذریعے نکلوائی گئی۔ متاثرین نے بینک عملہ سے اے ٹی ایم کی سی سی ٹی وی فوٹیج مانگی جو مہیا نہ کی گئی جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم برانچ کو باضابطہ درخواست دی گئی مگر تاحال کوئی عمل درآمد نہ ہو سکا۔ شہید کے والد نجم الدین نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ بینک اکاؤنٹ سے رقم لوٹنے میں بینک کا کوئی اہلکار شامل ہو سکتا ہے۔ واضع رہے کہ اس سے قبل بھی جہانیاں میں بینک ہیکنگ کی دو وارداتیں سامنے آچکی ہیں۔