بھارتی فلموں کی نمائش کیخلاف درخواست، لاہور ہائیکورٹ نے وکلا کو بحث کیلئے 13 نومبر کو طلب کر لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کیخلاف دائر درخواست پر فریقین کے وکلا کو بحث کے لیے طلب کر لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے فلم ساز سہیل احمد خان کی درخواست پرسماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل عامر سعد راں نے نشاندہی کی کہ غیر قانونی انڈین فلموں کو پاکستانی سینما گھروں میں دکھایا جا رہا ہے۔ نمائش سے پاکستانی فلم انڈسٹری بری طرح متاثر اور ختم ہو رہی ہے۔ چند روز پہلے بھارتی فلم ٹھگز آف انڈیا کو بھی نمائش کی اجازت دے دی گئی۔ بھارتی فلموں کی پاکستانی سینما گھروں میں نمائش پر پابندی لگائی جائے۔ درخواست پر آئندہ سماعت 13 نومبر کو ہوگی۔