مطالبات کی منظوری تک بارہ سو سے زائد جننگ فیکٹریاں بند رہیں گی: خالد حنیف
ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) کے سینئر ممبر خالد حنیف لودھی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر کی کاٹن جنرز نے احتجاجاً کسانوں سے پھٹی کی خریداری بند کر دی ہے۔ جب تک حکومت مطالبات تسلیم نہیں کرتی 12 سو سے زائد جننگ فیکٹریاں بند رہیں گی اور ملتان، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں ایف بی آر (FBR) کے دفاتر کے سامنے احتجاج کرینگے اور دھرنا دیں گے۔ انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پہلے ایس آر او 188 جاری کیا جس کے تحت ٰ 6 روپے فی من کے حساب سے ٹیکس وصول کیا اور اب ادائیگی کے بعد ایف بی آر نے کاٹن جنرز کو کروڑوں روپے کی وصولی کیلئے نوٹسز بھجوا دیئے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق فی فیکٹری 3 کروڑ روپے بنتا ہے اتنی مالیت کی تو فیکٹری نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ایس آر او 188 بحال اور نوٹسز واپس لیں گے جس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔